LogoDars e Mahdi ATFS

مرنے سے پہلے ذرا جینا بھی سیکھ لیجیے!

The post "Learn to live a little before you die!" emphasizes that postponing happiness for "special occasions" is a mistake. It draws on Ahl al-Bayt teachings, noting that Allah loves to see the impact of His blessings on His servants today. Beyond physical decluttering, it encourages cleaning the heart of jealousy and greed. The core message is that every day spent without sin is a celebration worth cherishing. Ultimately, it reminds us that while tomorrow is only a hope, today is a gift to be lived fully.
Maulana Wafa Haider Khan Sahab
مولانا وفا حیدر خان
Maulana Wafa Haider Khan

موضوع:

مرنے سے پہلے ذرا جینا بھی سیکھ لیجیے!

ہم عجیب لوگ ہیں…

خوبصورت برتن “خاص مہمانوں” کے لیے، نئے کپڑے “کسی بڑے موقع” کے لیے، اور پسندیدہ چیزیں “بعد میں” استعمال کرنے کے لیے سنبھال کر رکھتے ہیں۔

پھر ایک دن… ہم خود چلے جاتے ہیں، اور وہ سب چیزیں کسی اور کے لیے عام، یا کبھی بے قیمت ہو جاتی ہیں۔

اہلِ بیتؑ نے ہمیں یہ نہیں سکھایا کہ نعمتوں کو قید کر دو، بلکہ یہ سکھایا کہ نعمت کو پہچانو، شکر کرو، اور صحیح طریقے سے استعمال کرو۔

امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں:

«إِنَّ اللَّهَ جَمِيلٌ يُحِبُّ الْجَمَالَ وَيُحِبُّ أَنْ يَرَى أَثَرَ النِّعْمَةِ عَلَى عَبْدِهِ»
بے شک اللہ جمیل ہے، جمال کو پسند کرتا ہے، اور پسند کرتا ہے کہ اپنے بندے پر اپنی نعمت کا اثر دیکھے۔

یعنی… اللہ نے اگر آپ کو اچھا لباس دیا ہے، تو اسے صرف الماری کی زینت نہ بنائیں۔ اگر اچھے برتن دیے ہیں، تو انہیں صرف “خاص دن” کے انتظار میں قید نہ کریں۔

امیرالمؤمنین امام علیؑ فرماتے ہیں:

«كُلُّ يَوْمٍ لَا يُعْصَى اللَّهُ فِيهِ فَهُوَ يَوْمُ عِيدٍ»
ہر وہ دن جس میں خدا کی نافرمانی نہ ہو، وہ عید کا دن ہے۔

تو پھر ہم اپنی خوشیوں کو صرف چند تاریخوں تک کیوں محدود کریں؟

آج دنیا ایک اصطلاح استعمال کرتی ہے: “Swedish Death Cleaning” یعنی مرنے سے پہلے اپنی زندگی کا غیر ضروری سامان کم کر دو۔

مگر اہلِ بیتؑ اس سے بھی آگے کی تعلیم دیتے ہیں…

دل کو بھی صاف کرو: حسد سے، کینے سے، فضول جمع خوری سے، اور اُس انتظار سے جس نے تمہاری زندگی کو روک رکھا ہے۔

رسول خداؐ نے فرمایا:

«اغْتَنِمْ خَمْسًا قَبْلَ خَمْسٍ… وَحَيَاتَكَ قَبْلَ مَوْتِكَ»
پانچ چیزوں کو پانچ سے پہلے غنیمت جانو… اپنی زندگی کو اپنی موت سے پہلے۔

ہم اکثر سمجھتے ہیں کہ ہم چیزیں بچا رہے ہیں، حالانکہ حقیقت میں ہم “جینا” مؤخر کر رہے ہوتے ہیں۔

اس لیے… آج ہی وہ اچھا لباس پہن لیجیے، اپنے پسندیدہ کپ میں چائے پیجیے، اپنوں کے ساتھ بیٹھ کر مسکرا لیجیے، کیونکہ شاید “خاص دن” آج ہی ہو۔

قرآن کہتا ہے:

قُلْ مَنْ حَرَّمَ زِينَةَ اللَّهِ الَّتِي أَخْرَجَ لِعِبَادِهِ
کہہ دیجیے! اللہ کی اس زینت کو کس نے حرام کیا ہے جو اُس نے اپنے بندوں کے لیے پیدا کی؟

یاد رکھیے… کل صرف ایک امید ہے، مگر آج ایک نعمت ہے۔

Social Media: Share